ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کل شہر میں بند کیلئے سخت حفاظتی انتظامات ،تعلیمی اداروں کو چھٹی کا اعلان کرنے کمشنر کو مشورہ

کل شہر میں بند کیلئے سخت حفاظتی انتظامات ،تعلیمی اداروں کو چھٹی کا اعلان کرنے کمشنر کو مشورہ

Thu, 08 Sep 2016 13:29:43    S.O. News Service

بنگلورو۔8؍ستمبر(ایس او نیوز) دریائے کاویری سے تملناڈو کو پانی کی فراہمی کی مخالفت کرتے ہوئے بروز جمعہ 9 ستمبر کو کرناٹک بند منانے کیلئے ایک ہزار سے زائد تنظیموں کی طرف سے دی گئی آواز کے پیش نظر شہر بھر میں معقول پولیس بندوبست کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔اس کیلئے پولیس فورس کو بھی مستعد کیا جاچکا ہے۔یہ بات آج شہر کے پولیس کمشنر این ایس میگرک نے بتائی۔ شہر میں حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ احتیاطی طور پر شہر کے ان علاقوں میں جہاں تمیلوں کی آبادی زیادہ ہے وہاں اضافی حفاظتی بندوبست کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بند کے دوران شہر میں حفاظتی انتظامات کیلئے نیم فوجی دستوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔حساس علاقوں میں یہ دستے فلاگ مارچ کریں گے۔آج شہر کے آر ٹی نگر اور دیگر علاقوں میں مرکزی دستوں نے فلاگ مارچ کیا۔ محکمۂ پولیس کے افسران نے کمشنر کو بتایاکہ بند کے پیش نظر شہر کے تعلیمی اداروں اور نجی کمپنیوں کو اس دن چھٹی کا اعلان کردینا مناسب ہوگا۔ اس مشورہ پر عمل کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے شہر کے اسکولوں ،کالجوں ، سرکاری دفاتر ، نجی کمپنیوں، کارخانوں وغیرہ کو چھٹی دینے کے سلسلے میں حکومت سے گذارش کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ یاد رہے کہ 1991 میں کاویری مسئلہ پر جب اسی طرح کا فیصلہ آیاتھا تو شہر میں بڑے پیمانے پر پرتشدد واقعات پیش آئے تھے، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس حکام نے کمشنر کو مشورہ دیا ہے کہ بند کے دن شہر میں چھٹی کااعلان کردینا مناسب رہے گا۔


Share: